دبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک – آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تنازعے کا حل تاحال ممکن نہیں ہوسکا، اور صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ پاکستان نے اس معاملے میں اپنا مؤقف آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو واضح انداز میں پیش کر دیا ہے۔
بھارت نے سیکیورٹی خدشات کے سبب اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ پاکستان بھی اپنے مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے۔ اس صورتحال کے باعث ٹورنامنٹ کا شیڈول ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔ حالیہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تنازعے کے حل کے لیے ایک پارٹنرشپ فارمولا تجویز کیا تھا، جس کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ منعقد نہیں کریں گے۔ یہ فارمولا چیمپئنز ٹرافی سے نافذ ہوکر تین سال تک جاری رہے گا، جس کے تحت بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے تین سال کے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس تجویز پر آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی رسمی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ اس دوران بھارتی میڈیا نے ایک نئی پیش رفت کا انکشاف کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی، جو روایتی طور پر ون ڈے فارمیٹ میں کھیلی جاتی ہے، ممکنہ طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تبدیل کی جا سکتی ہے۔ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق، تنازعے کے حل میں تاخیر اور ون ڈے کرکٹ کی کم ہوتی مقبولیت کے پیش نظر یہ تبدیلی زیر غور ہے، کیونکہ شائقین میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
تاہم، اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔

