دوبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نومبر 2024 کے لیے مینز پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا، جس میں پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف بھی شامل ہیں۔
حارث رؤف کی یہ نامزدگی دورہ آسٹریلیا کے دوران ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ممکن ہوئی۔ انہوں نے ون ڈے سیریز میں بہترین بولنگ کی اور پاکستان کو 22 سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دیگر نامزدگیوں میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن اور بھارت کے جسپریت بمرا بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنے حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
آئی سی سی کی جانب سے پلیئر آف دی منتھ کا یہ اعزاز ان کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے جو عالمی سطح پر اپنی بہترین کارکردگی سے نمایاں ہوتے ہیں۔ فیصلے کا اعلان جلد متوقع ہے، جس کے لیے کرکٹ شائقین بے صبری سے منتظر ہیں۔

