کابل ٫اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: غیر ملکی خبر رساں ادارے اور نمائندہ جنگ ارشد عزیز ملک کی رپورٹس کے مطابق پاکستان نے افغان صوبہ پکتیکا میں فضائی حملہ کرتے ہوئے 71 سے زائد خوارج، جن میں کئی اہم کمانڈرز شامل تھے، کو ہلاک کر دیا ہے۔اس کارروائی میں دہشت گردوں کے چار اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں خودکش جیکٹس بنانے کی ایک فیکٹری بھی شامل تھی، جو مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران قریبی رہائشی علاقے محفوظ رہے۔
دوسری جانب افغان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بمباری کے نتیجے میں 46 عام شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی ناظم الامور سے احتجاج کیا اور مراسلے میں الزام عائد کیا کہ پاکستانی طیاروں نے افغان حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں خوارج کے عمر میڈیا سیل اور چار اہم رہنماؤں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا، جن میں شیر زمان عرف مخلص یار، اختر محمد عرف خلیل، اظہار عرف حمزہ اور شعیب چیمہ شامل ہیں۔
طالبان حکومت کے ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد، نے اے ایف پی کو بتایا کہ مشرقی صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے چار علاقوں پر پاکستانی فضائی حملوں کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

