لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان نے اپنی ٹی ٹونٹی ٹیم کو بہتر بنانے کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےاس حوالے سے ایکشن پلان ترتیب دیتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ٹاسک دے دیا ہے ۔ اس حوالے سے سابق کرکٹر عبد الرزاق کی سربراہی میں ایک سلیکشن کمیٹی بنائے گی جو ثیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر سے 100 پاور ہٹرز تیار کرے گی۔ پچاس پاور ہٹرز پر پہلے جبکہ باقی پچاس پر دوسرے مرحلے میں کام کیا جائے گا۔ ان کھلاڑیوں کی ٹریننگ، تکنیک اور فٹنس پر کام کیا جائے گا ۔ اس ایکشن پلان کے لیے چھ ماہ تک کی مدت کا تعین کیا گیا ہے ۔
جس کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پاکستان ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ایک معیاری ٹیم تیار کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی مسلسل زوال کا شکار ہے۔ پاکستان کو رواں سال آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ جبکہ گزشتہ سال افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں حالیہ اصلاحات کے مثبت نتائج کے بعد ٹی ٹونٹی کرکٹ کی بہتری کےلیے چئیرمن پی سی بی محسن نقوی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

