کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک:شہر قائد کے علاقے یوسف گوٹھ، گلی نمبر 1 میں ایک نوجوان کی راہگیر خاتون کے سامنے نازیبا حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان خاتون کے گزرنے پر غیر اخلاقی حرکت کرتا ہے، جبکہ اس کے دوست اس حرکت کو ویڈیو میں ریکارڈ کرتے ہیں اور اسے دوبارہ ایسی حرکت کرنے پر اکساتے ہیں۔
واقعے کے بعد نوجوان نے میڈیا کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اسے اپنی حرکت پر شرمندگی ہے۔ اس نے معافی مانگتے ہوئے کہا، "مجھے اپنی حرکت پر پچھتاوا ہے اور میں ماں بہنوں سے معذرت خواہ ہوں۔"مذکورہ نوجوان، جو یوسف گوٹھ گلی نمبر 1 کا رہائشی ہے، نے اپنے دوستوں کے دباؤ پر دوبارہ یہ نازیبا حرکت کی، جس سے معاملہ مزید سنگین ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق، ویڈیو بنانے والے شخص کا نام شعیب ہے جس نے بھی اپنی حرکت تسلیم کرتے ہوئے اسے "شیطانی مزاح" قرار دیا اور اپنی غلطی پر شرمندگی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب، سرجانی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر اخلاقی حرکت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق، ملزم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کیں۔ ویڈیو میں ملزم کو برہنہ حالت میں غیر اخلاقی حرکت کرتے دیکھا گیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع اور وائرل ویڈیو کی مدد سے ملزم علی ولد عارف کو گرفتار کیا۔ملزم کے خلاف ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


