لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیسن گلیسپی کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے عاقب جاوید کو عبوری طور پر ریڈ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ عاقب جاوید کا پہلا امتحان جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوگا۔
جیسن گلیسپی نے اسسٹنٹ کوچ ٹِم نیلسن کے معاہدے کی تجدید نہ ہونے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق، ٹِم نیلسن کا معاہدہ گزشتہ ماہ دورہ آسٹریلیا کے اختتام پر ختم ہو گیا تھا۔ انہیں رواں سال اگست میں ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
ٹِم نیلسن نے بتایا کہ پی سی بی نے انہیں مطلع کیا کہ بورڈ کو اب ان کی خدمات درکار نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق، جیسن گلیسپی نے بورڈ کو آگاہ کیا کہ ان کا جنوبی افریقا نہ جانے کا فیصلہ ذاتی وجوہات کی بنا پر ہے۔ انہیں جمعہ کو پری ٹیسٹ کیمپ کے لیے جنوبی افریقا روانہ ہونا تھا۔
مزید یہ کہ، ذرائع نے انکشاف کیا کہ ٹِم نیلسن کے معاہدے کے متعلق فیصلے میں جیسن گلیسپی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جس کی وجہ سے ان کا بورڈ پر اعتماد مزید کم ہو گیا۔ گلیسپی بورڈ میں حالیہ انتظامی تبدیلیوں سے پہلے ہی ناخوش تھے۔ اکتوبر میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کے سلیکشن پینل سے ہٹا کر ان کا کردار محدود کرتے ہوئے انہیں صرف ’میچ اسٹریٹجسٹ‘ کی حیثیت دے دی گئی تھی۔

