پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 23 دسمبر تک مہلت دے دی۔
نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی جانب سے راہداری ضمانت کی متعدد درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس کی صدارت جسٹس وقار احمد نے کی۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی نے 27 مختلف مقدمات میں راہداری ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کی ہیں۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کو پابند کیا جائے کہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔ جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ راہداری ضمانت کا مقصد ہی یہ ہے کہ درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو سکے۔
وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ زیادہ وقت دیا جائے کیونکہ انہیں 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے۔ تاہم، جسٹس وقار احمد نے کہا کہ زیادہ وقت نہیں دیا جا سکتا کیونکہ سردیوں کی چھٹیاں قریب ہیں۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔

