اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی مفاد میں باہمی اتفاق رائے پیدا کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھنے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے سخت گیر موقف رکھنے والے افراد کو قائل کرنے پر زور دیا گیا۔ ایاز صادق نے تجویز پیش کی کہ وہ اپنی جماعت کے سخت مؤقف رکھنے والے افراد کو سمجھائیں گے، جبکہ پی ٹی آئی بھی اپنے سخت گیر مؤقف رکھنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کرے۔ اسد قیصر نے اس حوالے سے پارٹی سے مشاورت کرنے کا عندیہ دیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی عمل کو شفاف اور قوم کے سامنے رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی کے ایک وفد نے اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کو فورم کے طور پر استعمال کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم، بعد ازاں وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی سے رابطوں اور مذاکرات کی تردید کی تھی۔

