اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید پر آنے والے پانچ سے سات دنوں میں فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان نے 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کی کال دی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ فیض حمید سے متعلق خبریں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ 14 دسمبر کے بعد فیض حمید کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئے گی، لیکن فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ یہ خبر اس تاریخ سے پہلے ہی آسکتی ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ فیض حمید کو نہ صرف کورٹ مارشل کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ انہیں سزا بھی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیض حمید ایک بااثر شخصیت تھے، اور اگر ان کا احتساب ہوا تو دیگر افراد بھی اصلاح پر مجبور ہوں گے۔نہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے کبھی خود کرپشن نہیں کی، لیکن ان کے نام پر کرپشن کی جاتی رہی ہے۔ واوڈا نے زور دے کر کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔

