اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: جے یو آئی کے رہنما سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ حکومت اپنی حکمت عملی سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جن کے اشاروں پر موجودہ حکومت غلطیوں پر غلطیاں کیے جا رہی ہے۔۔تمام تر حکومتی اقدامات ان کے اپنے گلے پڑ جائیں گے اور تحریک انصاف کو اس کا سیاسی فائدہ ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ کل جب عمران خان رہا ہو کر جیل سے باہر آ جائیں گے اور وہ دھاڑیں مار مار کر عوام کے سامنے رو کر ان پر اپنے اوپر ہوئے مظالم کی داستانیں سنائیں گے تو پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہو جائے گا اور حکومتی اتحاد میں شاملِ جماعتوں کی سیاست بالکل ختم ہو جائے گی۔ کئی تجزیہ کار اس رائے سے متفق ہیں ک پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ناقص ترین کارکردگی کے باوجود جب عدم اعتماد لا کر حکومت گرائی گئی تو عمران خان نے صرف ایک کاغذ لہرا کر عوام کی حمایت اور ہمدردی حاصل کر لی۔لیکن اب تو معاملہ اس سے کہیں زیادہ آگے بڑھ چکا ہے۔ قیادت کو جیل میں ڈالنے، انتخابی نشان چھیننے ، انتخابی دھاندلیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے تحفظات دور نہ کرنے ، بزور طاقت پی ٹی آئی کی مزاحمتی تحریک کو ناکام بنانے اور جلسوں اور احتجاج تک کا حق چھیننے کے بعد تو عمران خان کے پاس کھیلنے کےلیے اتنے پتے جمع ہو چکے ہیں کہ شاید حکومتی جماعتوں کو آئندہ الیکشن میں امیدوار ملناتو دور کی بات اپنے حلقوں میں ووٹرز ملنا بھی مشکل ہو جائیں گے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومتی وزراء تحریک انصاف کی مزاحمتی تحریک کی ناکامی پر بظاہر بغل بجا رہے ہیں لیکن شاید انھیں اندازہ نہیں کہ ہر بار تحریک انصاف اس سے عوامی ہمدردی سمیٹنے میں کامیاب ہو رہی ہے ۔ حکومت کو سمجھنا ہو گا کہ حالات ہمیشہ آپ کے حق میں نہیں رہتے۔ اس لیے سیاسی افہام و تفہیم کا راستہ اپنائے اور دھمکیوں اور سخت اقدامات کی بجائے ڈائیلاگ کا راستہ اپنائے ۔ اور جمہوری عمل کو پروان چڑھایا جائے۔

