لندن / پاکستان لائیو نیوز: انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں پر پی ایس ایل سمیت دیگر غیر ملکی فرنچائز لیگز کھیلنے کی پابندی کے فیصلے پر انگلش کرکٹرز کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ای سی بی نے حالیہ پالیسی کے تحت اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگ کے دوران کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے علاوہ کسی بھی غیر ملکی فرنچائز لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں کرے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اس فیصلے کے بعد انگلش کرکٹرز نے اپنی ہی لیگ، دی ہنڈریڈ، کا بائیکاٹ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 50 کھلاڑیوں نے اس پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی ہے، جس میں دی ہنڈریڈ لیگ میں شرکت نہ کرنے کا امکان زیر بحث آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ان کے ایجنٹس کے لیے بھی مایوسی کا باعث بن رہا ہے۔ کھلاڑیوں میں کچھ ایسے بھی شامل ہیں جو انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ مزید برآں، انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے معروف کھلاڑیوں کی ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، کئی انگلش کھلاڑی جو پی ایس ایل سمیت دیگر فرنچائز لیگز میں معاہدے کرنے کے قریب ہیں، اپنے کاؤنٹی کرکٹ کے معاہدوں پر دوبارہ غور کر سکتے ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ انگلش بورڈ کی اس نئی پالیسی کے باوجود آئی پی ایل کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جو کرکٹرز میں مزید ناراضگی کا باعث بن رہی ہے۔

