بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔ اس وقت سیریز میں آسٹریلیا کو 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام اور سلیکشن کمیٹی پہلے ہی اس فیصلے سے آگاہ ہیں اور روہت اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، ریٹائرمنٹ کا اعلان سڈنی میں ہونے والے پانچویں ٹیسٹ میچ کے بعد متوقع ہے، تاہم حتمی وقت کا تعین ابھی نہیں کیا گیا۔ اس سیریز کے دوران روہت شرما نے تین میچز کی چھ اننگز میں مجموعی طور پر صرف 31 رنز بنائے ہیں۔یاد رہے کہ روہت شرما نے رواں سال جون میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

