ویلنگٹن / مانیٹرنگ ڈیسک: انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد کارنامہ سر انجام دے دیا ہے۔ انگلش ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ لاکھ رنز بنانے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انگلینڈ نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوران انجام دیا۔انگلینڈ ، جسے کرکٹ کے کھیل کا بانی کہا جاتا ہے، نے 1877 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیمز للی وائٹ کی کپتانی میں آسٹریلیا کے خلاف میلبورن کرکٹ گراؤنڈ ، ایم سی جی میں کھیلا۔
یہ بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا بھی پہلا ہی میچ تھا جسے آسٹریلیا نے 45 رنز سے جیت لیا۔ انگلش ٹیم اس 147 سالہ تاریخ میں اب تک 1088 ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے جو کسی بھی ٹیم کے کھیلے گئے ٹیسٹ میچز کی سب سے بڑی تعداد ہے ۔۔اس وقت بھی انگلش ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی انگلینڈ کو دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے خلاف 533 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہو چکی ہے ۔

