نیویارک / مانیٹرنگ ڈیسک: ریاست وسکونسن کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست وسکونسن کے شہر میڈیسن کے ایک اسکول میں پیش آیا۔ مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسکول کے علاقے سے دور رہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں 5 افراد جان سے گئے جبکہ 5 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہلاک شدگان میں مشتبہ حملہ آور بھی شامل ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اسکول کا ہی طالب علم تھا۔دیگر چار ہلاک شدگان کی شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات فی الحال دستیاب نہیں ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور جیسے ہی مزید معلومات حاصل ہوں گی، انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق پولیس اسکول کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کا کام کر رہی ہے۔

