قاہرہ / مانیٹرنگ ڈیسک: مصر میں ایک ایماندار ٹیکسی ڈرائیور نے 80 لاکھ مصری پاؤنڈ کی گمشدہ رقم اس کے اصل مالک کو واپس کر دی اور انعام لینے سے انکار کر دیا، یہ کہتے ہوئے کہ "اللہ ہر جگہ دیکھ رہا ہے۔"العربیہ کی رپورٹ کے مطابق، لیموزین چلانے والے ایک مصری ڈرائیور کی دیانتداری کے قصے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث ہیں۔ مالی مشکلات کے باوجود، یہ غریب ڈرائیور اپنی ایمان داری پر قائم رہا اور اس بڑی رقم کو اپنی ملکیت بنانے کا خیال تک نہ آیا۔مصری ذرائع کے مطابق، سامح رجب نامی یہ ڈرائیور مطروح کمشنری میں لیموزین چلاتا ہے۔ ایک دن، مسافروں کو اتارنے کے بعد وہ دوپہر کے وقت سڑک کے کنارے ایک درخت کے نیچے آرام کرنے کے لیے بیٹھا تو اس کی نظر ایک بوری پر پڑی۔ جب اس نے بوری کھولی تو اندر نوٹوں کے گٹھے تھے۔
سامح رجب اتنی بڑی رقم دیکھ کر حیران رہ گیا لیکن فوراً بوری کو اپنے گھر لے گیا۔ اپنی بیوی کے ساتھ مل کر جب اس نے نوٹ گنے تو وہ 80 لاکھ پاؤنڈ تھے۔ سامح نے بتایا کہ "اتنی بڑی رقم دیکھ کر بھی میرے دل میں اسے اپنے پاس رکھنے کا خیال نہیں آیا، بلکہ میرا واحد مقصد یہ تھا کہ اسے اس کے مالک تک کیسے پہنچایا جائے۔"اس کی بیوی نے مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر رقم کے بارے میں اعلان کرے لیکن تمام تفصیلات ظاہر نہ کرے۔ سامح نے فیس بک پر بوری اور علاقے کا ذکر کیا
، جس کے بعد اسے کئی پیغامات موصول ہوئے، لیکن کوئی بھی رقم کے بارے میں درست معلومات فراہم نہ کر سکا۔ بالآخر ایک شخص نے رابطہ کیا اور رقم کی تمام تفصیلات ٹھیک ٹھیک بتائیں۔ اس تصدیق کے بعد سامح نے بوری اس شخص کے حوالے کر دی۔رقم واپس ملنے پر مالک نے خوش ہو کر سامح کو 10 لاکھ پاؤنڈ بطور انعام پیش کیے، لیکن سامح نے انکار کر دیا۔ اس نے کہا، "اللہ ہمیں ہر جگہ دیکھتا ہے، اصل خوف کیمرے کا نہیں بلکہ اپنے رب کا ہونا چاہیے، جو ہماری نجات کا ذریعہ ہے۔"

