کیپ ٹائون/ مانیٹرنگ ڈیسک:افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم نے فاسٹ بولر عامر جمال کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، عامر جمال کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کرنے کا امکان ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی کے کھیلنے کی امید نہ ہونے کے برابر ہے۔ سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عامر جمال کے صرف ایک اوور کرانے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے میر حمزہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگرچہ کیپ ٹاؤن کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے، لیکن ٹیم میں کسی اسپنر کو شامل کرنے کی توقع نہیں کی جا رہی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 2024 کے ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13.85 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں، غالباً اس میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔ اسپننگ کے لیے ٹیم مینجمنٹ کی نظریں آل راؤنڈر سلمان علی آغا پر مرکوز ہیں، جنہوں نے 18 ٹیسٹ میچوں میں 58.75 کی اوسط سے 16 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔یاد رہے کہ نیو لینڈز کیپ ٹاؤن میں جمعہ سے شروع ہونے والے اس ٹیسٹ سے قبل یہاں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا میچ بھی کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے 329 رنز بنائے، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 248 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سلمان علی آغا نے اس میچ میں 10 اوورز میں 71 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

