ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے چاقو حملے کے بعد انہیں اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی۔16جنوری کی رات تقریباً 3 بجے ممبئی کے علاقے باندرا میں سیف علی خان کے گھر پر ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے انہوں نے بہادری سے ناکام بنا دیا۔ واقعے میں زخمی ہونے کے بعد سیف کو اپنی گاڑی کے بجائے رکشہ کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ گزشتہ روز اداکار کو اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔
سیف علی خان نے جان بچانے میں مدد کرنے والے رکشہ ڈرائیور سے اسپتال میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سیف کی والدہ اور دیگر اہلِ خانہ بھی شریک تھے۔ انہوں نے رکشہ ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا اور اس کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا نے بتایا کہ انہیں ایمرجنسی گیٹ سے ماسک پہنا کر سیف کے کمرے میں لے جایا گیا، جہاں سیف نے انہیں اپنے قریب بٹھایا اور پورے خاندان نے ان کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔رکشہ ڈرائیور کے مطابق سیف نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس دن پیسے دینے کا موقع نہیں ملا، لیکن اب انہیں ان کا حق مل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں کبھی بھی ضرورت پڑے تو ان کے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔واضح رہے کہ سیف علی خان پر چاقو حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے گھر کے ارد گرد سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

