اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے پاکستان آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما ممکنہ طور پر چیمپیئنز ٹرافی کے فوٹو شوٹ کے لیے پاکستان جا سکتے ہیں اور وہ کپتانوں کے ساتھ پریس کانفرنس میں بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹرافی میں شامل تمام ٹیموں کے کپتان ایک پریس کانفرنس اور فوٹو سیشن کے لیے اکٹھے ہوں گے، جس میں روہت شرما کی موجودگی بھی متوقع ہے۔
عالمی کرکٹ ایونٹس سے پہلے میزبان ملک میں تمام ٹیموں کے کپتان اکٹھے ہوتے ہیں، جہاں فوٹو سیشن اور مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا نے روہت شرما کی پاکستان آمد کے امکان کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان میں ہوگا، جس کا پہلا میچ کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، اس لیے بھارتی ٹیم کے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

