نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو مسلسل ناکامیوں سے بچانے کے لیے نیا حل تلاش کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حیران کن وائٹ واش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی حکام، کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت آگرکر کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی بیویوں کو بین الاقوامی دوروں پر مکمل وقت کے لیے ان کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی سی سی آئی نے کووڈ سے پہلے کے اصولوں کو دوبارہ نافذ کرنے کا ارادہ کیا ہے، جس کے تحت کھلاڑیوں کی فیملی پورے دورے کے دوران ان کے ساتھ نہیں رہ سکے گی۔
رپورٹس کے مطابق 45 دن سے طویل دوروں کے لیے کھلاڑی کی اہلیہ صرف 14 دن تک ساتھ رہ سکے گی، جبکہ مختصر دوروں کے لیے یہ حد صرف 7 دن مقرر کی گئی ہے۔ حالیہ آسٹریلیا سیریز کے دوران ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کو اپنی بیویوں کے ہمراہ دیکھا گیا، جس پر بورڈ کا خیال ہے کہ فیملی کی موجودگی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔مزید یہ کہ اب تمام کھلاڑیوں کو ٹیم بس کے ذریعے ہی سفر کرنا ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق، گزشتہ چند سالوں میں کئی کھلاڑیوں نے اکیلے سفر کرنے کو ترجیح دی، لیکن اب ٹیم کے اتحاد کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی کھلاڑی، چاہے وہ کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو، کو انفرادی سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

