لائیو شو کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان ایک بار پھر جھگڑا ہوا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان اور پی ٹی آئی کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھا نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران دونوں نے ایک دوسرے پر شدید الزامات لگائے، جس سے بحث تلخ ہو گئی اور بات جھگڑے تک پہنچ گئی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی خان نے پہلے پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کا گریبان پکڑا، جس کے بعد دونوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ دونوں نے ایک دوسرے پر مکوں اور لاتوں کا استعمال کیا۔ پروگرام کی خاتون میزبان نے بارہا جھگڑا روکنے کی کوشش کی، لیکن حالات قابو سے باہر ہو گئے۔ آخرکار پروگرام ٹیم کے ارکان نے دونوں رہنماؤں کو الگ کیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے درمیان ایک ٹی وی پروگرام میں جھگڑا ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ، پی ٹی آئی کے مرحوم رہنما نعیم الحق اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما دانیال عزیز کے درمیان بھی ماضی میں لڑائی ہو چکی ہے۔

