پشاور / مانیٹرنگ ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے درمیان صلح کرا دی۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے اختلافات کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دونوں رہنماؤں سے رابطہ کیا اور انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی۔ علی امین گنڈاپور نے دونوں رہنماؤں کو تنبیہ کی کہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس کا فائدہ مخالفین اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر علی امین گنڈاپور کی کوششوں سے دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات نہ دینے پر اتفاق کیا۔ شیر افضل مروت نے تصدیق کی کہ وزیراعلیٰ نے ان سے رابطہ کر کے صلح کی بات کی تھی۔یاد رہے کہ چند روز قبل سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت نے میڈیا میں ایک دوسرے پر الزامات لگائے تھے، جس کے بعد عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

