لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آمد کے معاملے پر پی سی بی نے آئی سی سی کو تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب پاکستان میں ہی منعقد ہوگی، جس میں تمام ٹیموں کے کپتانوں سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ یہ تقریب آئی سی سی کے تمام ایونٹس کی طرز پر ہوگی اور کسی مخصوص ٹیم یا کھلاڑی کے لیے مخصوص نہیں ہوگی۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزوں کے اجرا کی ذمہ داری میزبان ملک پر ہوتی ہے، جس میں کھلاڑیوں، آفیشلز، کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور شائقین کو ویزے فراہم کرنا شامل ہے۔ پی سی بی نے اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، حتیٰ کہ آئی سی سی کے وفد کے لیے بھی ویزے جاری کیے گئے، جس میں تین بھارتی افراد شامل تھے۔ وفد نے کراچی، راولپنڈی اور لاہور کا دورہ کیا۔ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب ممکنہ طور پر 16 یا 17 فروری کو منعقد ہوگی، تاہم اس کا انحصار وارم اپ میچز کے شیڈول پر ہے۔ پی سی بی نے اس سلسلے میں آئی سی سی کو مجوزہ پلان فراہم کر دیا ہے، جس پر آئی سی سی اپنی رائے دے گا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما فوٹوشوٹ اور پریس کانفرنس کے لیے پاکستان آسکتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں شامل تمام آٹھ ٹیموں کے کپتان ایک مشترکہ پریس کانفرنس اور فوٹوشوٹ کے لیے اکٹھے ہوں گے، جو ہر آئی سی سی ایونٹ سے قبل میزبان ملک میں منعقد ہوتا ہے۔چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا، جبکہ بھارتی ٹیم اپنا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

