امریکا میں ایک شخص کو اپنی گرل فرینڈ سے جھگڑے کے بعد پرواز کے دوران ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔یہ واقعہ بوسٹن کے لوگن ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں پورٹو ریکو کے ایک مسافر نے ٹیکسی کے دوران ایمرجنسی دروازہ کھول کر طیارے سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی، جسے ایک اور مسافر نے ناکام بنا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس شخص کا نام مورالز ٹوریز بتایا گیا ہے، جس کی حرکت کی وجہ سے ایمرجنسی سلائیڈ کھل گئی۔ واقعے کے بعد مقامی وقت کے مطابق رات 7 بج کر 25 منٹ پر میساچوسیٹس اسٹیٹ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔عینی شاہدین کے مطابق، مورالز ٹوریز اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ بحث کر رہے تھے جب انہوں نے پورٹو ریکو کے شہر سان ژوان جانے والی فلائٹ 161 کا دروازہ اچانک کھول دیا۔ ایک مسافر، فریڈ وائن، نے بتایا کہ جوڑا ان کے پیچھے بیٹھا تھا اور جھگڑے کے دوران لڑکے نے غصے میں آ کر ایمرجنسی دروازہ کھول دیا۔ ایف بی آئی کے ایک اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پکڑ کر ہتھکڑیاں لگا دیں، جس کے بعد ریاستی پولیس اسے لے گئی۔بعد ازاں، عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

