لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کے پلیئرز ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا، جس میں تمام 6 فرنچائزز نے بہترین کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا۔
ڈرافٹ کی تقریب لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں منعقد ہوئی، جہاں فرنچائزز مالکان اور ٹیم منیجمنٹ نے اپنی ٹیموں کی تشکیل کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ ڈرافٹ میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، شان ایبٹ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، ڈیرل مچل، اور فن ایلن سمیت عالمی کرکٹ کے کئی بڑے نام مختلف ٹیموں میں شامل ہوئے۔
جہاں کئی مشہور کھلاڑیوں کو ٹیموں میں جگہ ملی، وہیں کچھ بڑے نام ایسے بھی ہیں جنہیں کسی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔
کھلاڑی جو منتخب نہ ہو سکے:
سرفراز احمد، ٹم ساؤتھی، احسان اللہ، جیسن روئے، ایلکس ہیلز، مجیب الرحمان، ایشٹن ایگر، کرس لین، کوپر کانوولی، ڈینیل سیمز، جیسن بہرینڈروف، مارک اسٹیکیٹے، موئیسز ہینریکس، عثمان خواجہ، ولیم سدرلینڈ، مستفیض الرحمان، شکیب الحسن، جو کلارک، لوری ایونز، تیمال ملز، جمی نیشم، عمران طاہر، ریضا ہینڈرکس، تبریز شمسی، چرِتھ اسالنکا، اور ایون لیوس۔
سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ مقرر
پی ایس ایل کے افتتاحی ایڈیشن 2016 کے بعد پہلی بار سرفراز احمد پلیئرز ڈرافٹ کا حصہ تھے، لیکن انہیں کسی ٹیم نے منتخب نہیں کیا۔ تاہم، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے سرفراز احمد کو ٹیم کا کوچ مقرر کر کے انہیں نئی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

