لاہور: منی ورلڈ کپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن 19 فروری سے 9 مارچ 2025 کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ٹیموں نے اپنے اسکواڈز کے اعلان کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان کا اسکواڈ 7 بیٹسمین، 4 فاسٹ بولرز، 3 اسپنرز اور ایک وکٹ کیپر پر مشتمل ہوگا۔
پاکستانی اسکواڈ میں محمد رضوان کپتان اور واحد وکٹ کیپر کے طور پر شامل ہوں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل عثمان خان چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔ فاسٹ بولنگ لائن میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ممکنہ طور پر محمد حسنین شامل ہوں گے، جبکہ اسپنرز میں ابرار احمد، سفیان مقیم اور شاداب خان کی واپسی متوقع ہے۔
شاداب خان، جنہیں جون 2024 میں امریکا ویسٹ انڈیز میں ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا، چیمپئنز ون ڈے کپ اور ٹی20 کپ میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ اسی طرح امام الحق، جنہوں نے حالیہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں 53.00 کی اوسط سے 212 رنز اسکور کیے، اور فخر زمان، جنہوں نے چیمپئنز ٹی20 کپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 303 رنز بنائے، کی بھی اسکواڈ میں واپسی کا امکان ہے۔
یہ ٹورنامنٹ نہ صرف پاکستان کے لیے اہم ہے بلکہ ٹیم میں واپس آنے والے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرے گا۔

