ہنوئی / مانیٹرنگ ڈیسک: ویتنام میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے پانچ ہفتوں کے وقفے سے جڑواں بچوں کو جنم دیا، جو دنیا بھر میں ایک نایاب معاملہ سمجھا جاتا ہے۔
دارالحکومت ہنوئی کے ایک اسپتال میں 26 سالہ خاتون، جن کی شناخت ایل ٹی ایچ (اصل نام ظاہر نہیں کیا گیا) کے نام سے ہوئی، آئی وی ایف کے ذریعے حاملہ ہوئی تھیں۔ حمل کے 24 ویں ہفتے میں انہیں پیچیدگیوں کا سامنا ہوا، جس کے باعث شدید پیٹ درد کے ساتھ اسپتال لے جایا گیا۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ مادر رحم میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے علاج کی کوشش کی، مگر حالت مزید بگڑنے پر خاتون کو ایک بڑے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
حمل کے 26 ویں ہفتے میں شدید انفیکشن نے بچوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی، جس پر ڈاکٹروں نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا۔ اس دوران ایک لڑکے کی پیدائش ہوئی جس کا وزن محض 730 گرام تھا۔ اسے فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کر دیا گیا۔ تاہم، اس کی جڑواں بہن کی قبل از وقت پیدائش جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی، اس لیے ڈاکٹروں نے اسے مزید کچھ ہفتوں تک رحم مادر میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ایک ہفتے بعد خاتون کی حالت بہتر ہوئی اور انفیکشن کی علامات ختم ہو گئیں۔ حمل کے 31 ویں ہفتے میں خاتون کا بلڈ پریشر بڑھنے پر دوبارہ آپریشن کیا گیا اور لڑکی کی پیدائش ہوئی، جس کا وزن 1.2 کلوگرام تھا۔ اسے بھی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا۔
ایک ماہ کے علاج کے بعد بچی کی صحت میں بہتری آئی اور اس کا وزن بڑھ کر 2.5 کلوگرام ہو گیا، جس کے بعد اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ لڑکے کی صحت میں بھی بہتری آ رہی ہے، اس کا وزن 730 گرام سے بڑھ کر 2.3 کلوگرام ہو گیا ہے، اور وہ اب بھی ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہے۔ توقع ہے کہ وہ جلد اپنے خاندان کے ساتھ ہوگا۔

