کولکتہ / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت کے شہر کلکتہ میں گزشتہ سال 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور وحشیانہ قتل کے مقدمے میں عدالت نے گرفتار ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق، عدالت نے 18 جنوری کو سابق پولیس رضاکار سنجے رائے کو کیس میں مجرم قرار دیا تھا، اور آج 20 جنوری کو اس کا فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے شواہد کی بنیاد پر سنجے رائے کو قصوروار قرار دیا اور سی بی آئی کی جانب سے سزائے موت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالتی کارروائی کے دوران، مجرم سنجے رائے نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے اور سی بی آئی نے زبردستی کچھ دستاویزات پر دستخط کروائے ہیں۔
مقتولہ ڈاکٹر کی والدہ نے عدالتی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجرم اکیلا نہیں تھا، بلکہ اس کے ساتھ دیگر افراد بھی شامل تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باقی مجرم بھی جلد گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

