دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی 82 ویں سنچری مکمل کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ طویل عرصے سے کوئی بڑی اننگز نہ کھیل پانے والے سٹار بھارتی بلے باز دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرنے آئے تو الگ ہی فارم میں نظر آنے ۔۔انھوں نے پاکستانی ٹیم کو کوئی بھی چانس دیے بغیر مڈل آف دی بیٹ سے پر اعتماد شاٹس کھیلتے ہوئے اپنی اننگز کو بلڈ اپ کیا۔ اور چوکا لگا کر نہ صرف وننگ شاٹ کھیلا بلکہ اپنی سنچری بھی مکمل کر لی ۔ لیکن پاکستان کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی جارحیت دکھانے یا چیخنے چلانے کی بجائے دوستانہ ماحول میں دکھائی دیے۔
پاکستانی اننگز کے دوران نسیم شاہ کو تسمے باندھنے کی ضرورت پیش آئی تو فیلڈنگ پر موجود ویرات کوہلی آگے بڑھے اور انھوں نے نسیم شاہ کے تسمے باندھے۔ جبکہ بیٹنگ کے دوران بھی وہ خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے۔ حتیٰ کہ سپنر ابرار احمد نے اپنی گیند بازی کے دوران جب جارحانہ انداز اپنا کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تو کوہلی نے ماحول کو کشیدہ بنانے کی بجائے آگے بڑھ کر ان سے ہاتھ ملایا۔

