وہ کھلاڑی جوکسی سانحے کا شکار ہو کرکٹ سے ہمیشہ کے لیے لاتعلق ہو گئے

0

 کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) لیفٹ ہینڈڈ اوپننگ بلے باز سعید انور کا شمار دنیائے کرکٹ کے ان بیٹرز میں ہوتا ہے جو بیٹنگ کی قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال تھے. اور پوری طرح ایک نیچرل بلے باز تھے. سعید انور اپنی لاجواب ٹائمنگ اور بیٹنگ کے آرٹ کو انتہائی آسانی سے کر دکھانے کی بنا پر جانے جاتے تھے. 1989 میں کیرئیر شروع کرنے والے سعید انور نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمایندگی کی. انھوں نے 244 ون ڈے میچز کھیل کر تقریباً 40 کی اوسط سے 8824 رنز بنائے اور وہ 20 ون ڈے سنچریوں کے ساتھ آج بھی زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے بازوں کی لسٹ میں سرفہرست ہیں. انھوں نے ورلڈ کپ 2003 میں آخری بار پاکستان کی نمایندگی کی. سعید انور کلای کے استعمال سے بڑے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے اور فاسٹ باؤلرز اور سپنرز دونوں کو کمال خوبصورتی سے کھیلتے تھے. سعید انور آن اور آف سائیڈ دونوں جانب ایک جیسے ٹیلنٹ کے حامل تھے. سعید انور نے 1997 میں بھارت کے خلاف چنائی کے میدان میں بھارت کے خلاف آزادی کپ کے میچ میں 147 گیندوں پر 194 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر سر ویون رچرڈز کا اس وقت تک کا ریکارڈ توڑ دیا. سعید انور کا ریکارڈ 14 سال تک قائم رہا. اسی طرح کولکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں انھوں نے بھارت کے خلاف بیٹ کیری کرتے ہوئے ناقابل شکست 188رنز کی باری کھیلی اور ان کی یہ اننگز پاکستان کی تاریخی کامیابی کی وجہ بنی. جبکہ ان کے کیرئیر کی آخری سنچری بھی 2003 کے ورلڈ کپ میں سنچورہن میں بھارت کے خلاف ہی سکور ہوئی تھی. سعید انور اپنی کامیاب بیٹنگ کی بدولت پے درپے کامیابیاں حاصل کر رہے تھے کہ ان کی بیٹی شانزہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو کر اس دنیا سے رخصت ہو گئی. اگرچہ یہ سعید انور کے کیریئر کے عروج کا زمانہ تھا لیکن یہ  دل دہلا دینے والا سانحہ سعید انور کی زندگی کا سب سے بڑا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا. انھوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر اپنے آپ کو پوری طرح دعوت تبلیغ کے لیے وقف کر لیا. کرکٹ چھوڑنے کے بعد سعید انور اس کھیل سے پوری طرح لا تعلق ہو گئے. نہ تو کوچنگ کی طرف متوجہ ہوئے نہ کمنٹری کا مائیک سنبھالا، نہ ٹی وی پر بیٹھ کر باقی سابق کھلاڑیوں کی طرح تبصرے کیے اور نہ سوشل میڈیا پر کرکٹ کی حسین یادوں کے قصیدے پڑھے بلکہ روحانی سلسلہ سے وابستہ ہو کر رہ گئے. 


ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !