گال (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک اور سری لنکن لیفٹ آرم. سپن باولر دنیائے کرکٹ کے نقشے پر اپنی خطرناک اور جادوئی گیند بازی کے بل بوتے پر ابھرنے لگا یہ سری لنکا کے کے لیفٹ آرم سپنر پرابھاتھ جے سوریا ہیں جنھوں نےآتے ہی اپنی گھوم گھوم کر چکما دیتی ہوئی باولنگ سے بلے بازوں کو وکٹ پر تگنی کا ناچ نچانا شروع کر دیا ہے. پرابھاتھ جے سوریا کےٹیلنٹ پر مزید بات کرنے سے پہلے ہم آپ کوآج کے میچ میں ان کی پرفارمنس سے آگاہ کرتے چلیں. گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے 591 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیر کرنے کے بعد مہمان آئر لینڈ کی ٹیم دونوں اننگز میں اپنی باریاں سمٹ جانے پر ایک اننگز اور 280 رنز کی بدترین شکست سے دوچار ہوگئی. آئر لینڈ نے پہلی اننگز میں 143 اور دوسری اننگز میں 168 رنز ہی کی مزاحمت کی. آئر ش آرمی کی شکست کی بڑی وجہ مخالف محاز سے دونوں طرف گھومتی ہوئی گیندوں سے حملہ آور ہونے والے نوجوان سپنر پرابھاتھ جے سوریا تھے. ٹیسٹ فارمیٹ میں ناتجربہ کار آئر لینڈ کی ٹیم پر چند ہی ٹیسٹ میچ کھیلنے والے جے سوریا بھی بھاری پڑ گئے. انھوں نے تباہ کن باولنگ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں یعنی میچ میں مجموعی طور پر انھوں نے دس وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے. سری لنکا کو دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے. اس موقع پر مڈل آرڈر بلے باز دنش چندی مل کا ذکر نہ کرنا علمی بد دیانتی ہو گی جنھوں نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھی ہوئی ہے. اس میچ میں سنچری کے بعدچندی مل نے گزشتہ نو ٹیسٹ میچز میں 91 کی اوسط سے ایک ہزار رنز سکور کر لیے ہیں. جن میں تین سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں. ان سنچریوں میں 206 رنز کی اننگز بھی شامل ہے جو انھوں نے رواں سال کے آغاز میں آسٹریلیا جیسی مضبوط باولنگ لاین اپ کے خلاف کھیلی. اب ذرا واپس پرابھاتھ جے سوریا کے مختصر کیریئر کی بات کی جائے. انھوں نے اب تک صرف 6 ٹیسٹ میچز کھیل کر 43 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں. ان کے کیریئر میں میچ میں دس دس وکٹوں کے دو ہال جبکہ پانچ پانچ وکٹوں کے پانچ ہال شامل ہیں. پرابھاتھ جے سوریا سری لنکن سپن باولنگ کی عظمت رفتہ کا ایک اور تسلسل ہیں. سری لنکا نے بالخصوص فنگر سپن باولنگ کے شعبے پر ہمیشہ راج کیا ہے چاہے وہ لیفٹ آرم سے ہو یا سیدھے بازو سے. سری لنکن باولرز کو انگلیوں کی جادوگری پر ہمیشہ ملکہ حاصل رہا ہے.
میچ میں دس وکٹیں اڑا ڈالیں، جادوگر لیفٹ آرم سپنر نے دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچا دیا
اپریل 19, 2023
0

