لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستانی ریسلرز قازقستان میں غلط ایئرپورٹ پر اترنے کے سبب اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع کھو بیٹھے۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ریسلرز محمد بلال، عنایت اللہ اور نعمان ذکاء اپنے کوچ غلام فرید کے ہمراہ قازقستان کے ایک ایسے ایئرپورٹ پر جا اترے جہاں پاکستانیوں کو آن ارائیول ویزا نہیں دیا جاتا تھا۔قازقستان پاکستانیوں کو آن ارائیول ویزے کی سہولت دیتا ہے تاہم یہ سہولت صرف دارالحکومت آستانہ کے ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والے پاکستانیوں کو ملتی ہے. ریسلرز اور ان کا کوچ اس بات سے آگاہ نہیں تھے چنانچہ قازق حکام نے انہیں لینڈ کرتے ہی ڈی پورٹ کرکے واپس دبئی بھیج دیا۔ ریسلرز ڈی پورٹ ہونے کی وجہ سے اپنے مقررہ میچ نہ کھیل سکے، جن کے ذریعے وہ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر سکتے تھے۔پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی طرف سے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ فیڈریشن کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وقت کی قلت کے سبب وہ ویزوں کے لیے پیشگی درخواستیں نہیں دے سکے تھے۔

