ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس اپنی اچھوتی سماجی کہانی اور منفرد کرداروں کے علاوہ سنجے دت اور ارشد وارثی کی بے مثال اداکاری کے باعث بے پناہ ہٹ ہوئی تھی۔ لیکن شاید کم ہی لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ فلمساز راجو کمار ہیرانی اس فلم میں سنجے دت سے پہلے شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔ کیونکہ شاہ رخ خان اپنی ورسٹائل اداکاری کے بعد ہر طرح کے کردار میں جان ڈالنے کا ہنر بخوبی جانتے تھے لیکن شاہ رخ خان نے اس فلم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تھا۔ شاہ رخ کہتے ہیں کہ فلم دیوداس بننے کے دوران ہی میں نے منا بھائی ایم بی بی ایس سائن کر لی تھی۔ لیکن پھر مجھے ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کروانا پڑا۔ جس کی وجہ سے میں نے فلم کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن پھرمیں نے فلم میں سنجے دت کی اداکاری دیکھ کرسوچا کہ میں ہوتا تو اس سے اچھی اداکاری نہیں کرسکتا تھا اسی لیے اچھا ہوا کہ اس فلم کو سنجے دت ہی نے کیا ۔

