لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سی سی پی او لاہور نے نو مئی کو کور کمانڈ ہاؤس اور عسکری ٹاور پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث چھ مزید افراد کو زمان پارک سے فرار کی کوشش کے دوران گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے دفتر سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جمعرات کی شب نو مئی کے واقعات میں ملوث چھ افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ زمان پارک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
بلال صدیق کمیانہ کے مطابق گرفتار افراد میں سے دو افراد کور کمانڈر ہاؤس جبکہ چار عسکری ٹاور حملے میں ملوث تھے۔ لاہور پولیس کے مطابق ان گرفتاریوں کے بعد زمان پارک سے گرفتار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 14 ہو گئی ہے۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس ایسے واقعات کے خلاف زیرؤ ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور ایسے
افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

