اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کو موجودہ حال میں پہنچانےکے ذمہ دار خود عمران خان اور ان کے مشیر ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان کو وائس میسجز میں سمجھانے کی کوشش کی کہ محاذ آرائی اور تصاد م کا مشورہ دینے والے لوگ آپ کا نقصان کریں گے۔ اس راستے پر مت چلیں۔ لیکن تین مقدمات سے دیکھتے ہی دیکھتے ڈیڑھ سو مقدمات ہوگئے ۔ عمران خان نمازیں بخشوانے جاتے تھے اور روزے گلے ڈال کر واپس آجاتے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گرفتاری کے وقت میں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ گرفتاری سے نہ گھبرائیں۔سیاستدان گرفتار ہوتے رہتے ہیں۔ لیکن انھیں قریبی لوگوں نے یہ باور کرایاکہ آپ ایسے فرشتے اور ولی ہیں جو گرفتار ہوگیا تو دنیا میں اسلام خطرے میں پڑ جائے گا۔ قیامت آجائےگی۔ پھر ایسا ہی ہوا۔ اس سوال پر کہ کیا وہ عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہیں؟ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس کی نوبت یا ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی جو تباہی اور بربادی لائی گئی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔اس میں کون سی بات ڈھکی چھپی ہے کہ وعدہ معاف گواہ بننا پڑے گا۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کو فوری طور پر م،لک سے باہر بھیج دینا چاہیے ۔یہی ملک کےلئے سب سے بہتر ہے اور اسی طرح ملک آگے چل سکتا ہے۔

.jpeg)