لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سیگریٹ نوشی کے نقصانات کے بارے میں تو ہر کوئی جانتا ہے، سیگریٹ پینے والا انسان کس طرح اپنے پھیپھڑوں اور دل کو سنگین اور جان لیوا بیماریوں کے خطرات سے دوچار کر رہا ہوتا ہے. لیکن خود کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ وہ آس پاس موجود دوسرے لوگوں کی صحت کو کیسے نقصان پہنچاتا ہے اس کے بارے میں سیگریٹ نوشی کرنے والے لوگ زیادہ نہیں سوچتے. درحقیقت اسے طبی سائنس کی اصطلاح میں سیکنڈ اور تھرڈ ہینڈ سموکنگ کہا جاتا ہے. سیکنڈ ہینڈ سموکنگ کے بارے میں اگر سب نہیں تو کافی سارے لوگوں کو معلوم ہے کہ اس سے مراد وہ بد قسمت لوگ ہیں جو خود تو سیگریٹ نہیں پیتے لیکن ایک سیگریٹ نوشی والے ماحول میں رہنے کی وجہ سے انھیں دھواں متاثر کر رہا ہوتا ہے اور وہ مسلسل تمباکو کی بدبو سونگھنے پر مجبور رہتے ہیں. ایسا تب ہوتا ہے جب کوئی شخص گھر میں یا کمرے میں دوسرے لوگوں کی موجودگی میں تمباکو نوشی کرتا رہتا ہو. لیکن یہ بات شاید کم لوگوں کو پتہ ہو گی کہ سیکنڈ ہینڈ سموکنگ کے علاوہ ایک تھرڈ ہینڈ سموکنگ بھی ہوتی ہے. تھرڈ ہینڈ سموکنگ کا مطلب یہ ہے کہ جب کوئی انسان گھر میں یا کسی بند جگہ سیگریٹ پیتا ہے تو دھواں ہوا میں تحلیل ہو کر ختم نہیں ہو جاتا بلکہ اس کے ذرات کپڑوں میں، پردوں میں، صوفوں، بستر، چادروں اور تکیوں وغیرہ میں جذب ہو جاتے ہیں آپ نے اکثر محسوس کیا ہو گا کہ ان چیزوں سے سیگریٹ کے دھوئیں کی بدبو آ رہی ہوتی ہے. تو جو لوگ اس بدبو سے متاثر ہوتے ہیں وہ تھرڈ ہینڈ سموکنگ کر رہے ہوتے ہیں. درحقیقت سیگریٹ کا دھواں ان تینوں طرح کے لوگوں کےلئے خطرناک بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے. فرق صرف اتنا ہے کہ سیگریٹ نوش کےلئے یہ خطرات پہلے درجے، سیکنڈ ہینڈ سموکرز کےلئے دوسرے درجے کے اور تھرڈ ہینڈ سموکرز کےلئے تیسرے درجے کے رہتے ہیں. دراصل تینوں لوگوں کے لیے دھواں سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں شامل ہو کر خون کا حصہ بنتا ہے اور اگرچہ جگر کا مدافعتی نظام اس سے لڑنے کی کوشش کرتا ہے لیکن لوڈ بڑھنے کی وجہ سے مدافعتی نظام رفتہ رفتہ اپنی صلاحیت کھونے لگتا ہے اور پھیپھڑوں کو بری طرح نقصان پہنچتا ہے. یہ سب کچھ سیکنڈ اور تھرڈ ہینڈ سموکنگ کرنے والوں کے ساتھ بھی ہو رہا ہوتا ہے. یعنی یوں کہیے کہ یہ بے چارے لوگ اپنے ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہوتے ہیں. اس لیے سیگریٹ پینے والوں کو چاہیے کہ اگر وہ یہ. موذی لت چھوڑ نہیں سکتے تو کسی ایسی جگہ جا کر سیگریٹ پیا کریں جہاں سے دھواں اور بدبو باقی لوگوں تک نہ پہنچ سکے.
سیکنڈ اور تھرڈ ہینڈ سموکنگ کیا ہوتی ہے، یہ کتنی خطرناک ہے، پڑھیں اور اللہ سے ڈریں
جون 11, 2023
0

.jpeg)