اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے دھکا دے کر کنٹینر سے نیچے گرائے جانے والے شخص کے مبینہ طور پر جاں بحق ہو جانے کی خبروں کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ایک تصویر اور ویڈیو میں رینجرز اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین میں شامل ایک شخص کو دھکا دے کر کنٹینر سے گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جس کے بعد یہ کہا گیا کہ یہ شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔ تاہم اب اس حوالے سے پی ٹی آئی ہی کے سوشل میڈیا ذرائع نے اہم تفصیلات فراہم کی ہیں ۔ اس شخص کا نام طاہر عباس تارڑ ہے اور یہ کنٹینر پر چڑھ کر نماز ادا کرنے کے بعد دعا مانگ رہا تھا کہ کنٹینر پر موجود رینجرز اہلکاروں نے اسے نیچے اتر جانے کو کہا تاہم طاہر عباس تارڑ کے انکار پر بحث و تکرار ہوئی اور رینجرز اہلکاروں نے اسے دھکا دے کر کنٹینر سے نیچے پھینک دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ طاہر عباس تارڑ نامی یہ شخص زندہ ہے تاہم اسے شدید چوٹیں آئی ہیں اور یہ ہسپتال میں داخل ہے۔

