اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی غصے میں نہیں بلکہ مایوس ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج ناکام ہوا۔ انھوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو سیاسی پارٹی کی میٹنگ میں بلوایا ہی نہیں گیا بشریٰ بی بی ڈی چوک میں کارکنوں کے ہمراہ اکیلی پہنچیں جبکہ دیگر قیادت ان کے ساتھ موجود نہیں تھی۔
بانی چیئرمین نے بھی ڈی چوک پہنچنے اور وہیں دھرنا دینے کا کہا تھا لیکن بیرسٹر سیف نے جھوٹ بولا کہ بانی چیئرمین سنگجانی چوک کے لیے رضامند ہو گئے ہیں ۔ اور اسی جھوٹ کو بنیاد بنا کر باقی قیادت سنگجانی چوک سے آگے نہیں آئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز شیر افضل مروت نے بھی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بتایا تھا کہ بیرسٹر گوہر بانی چیئرمین کو سنگجانی چوک پر احتجاج کےلیے منانے گئے تھے لیکن وہ نہیں مانے اور ڈی چوک کےلیے ہی بضد رہے۔ شیر افضل مروت نے یہ بھی بتایا تھا کہ میں اور علی امین گنڈاپور کارکنوں کے ہمراہ ڈی چوک نہیں جانا چاہتے تھے کیونکہ حکومتی وزراء کے بیانات سے ہی لگ رہا تھا کہ گولیاں چل سکتی ہیں ۔ شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سنگجانی انٹرچینج پر احتجاج سے حکومت پر اس طرح سے دباؤ ڈالنا ممکن نہیں تھا جیسے ڈی چوک پر ممکن تھا لیکن ہمیں تخریب کاری کا ڈر تھا۔

