اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ روبینہ خان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں کردار نئی بات نہیں ہے۔انھوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی اجلاسوں کی سربراہی اور احتجاج کے دوران بھی خطاب کرتی رہیں اور اب مشال یوسفزئی کے ذریعے سیاست کر رہی ہیں۔۔مشال یوسفزئی نئی فرح گوگی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم بہنوں کا سیاست میں کردار نہیں بلکہ ہم نے تو بھائی کو بچانا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کی شروعات سے لے کر ناکامی تک بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کردار کئی سوالیہ نشانات پیدا کر چکا ہے ۔
شوکت یوسفزئی اور کئی دیگر رہنماؤں نے بھی بشریٰ بی بی کی پارٹی میں حد سے بڑھتی ہوئی مداخلت پر سوالات اٹھائے ہیں, علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کے مابین احتجاج کے دوران اور بعد میں تلخ کلامی اور اختلافات کی خبریں بھی آئی ہیں اور سلمان اکرم راجہ اور سیاسی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا کے استعفے بھی بشریٰ بی بی کی طرف سے احتجاج کےلیے دستیاب نہ ہونے پر کی گئی بد کلامی کا ہی نتیجہ بتائے جا رہے ہیں ۔ ادھر پارٹی سے نکالے گئے فیصل واوڈا تو پہلے ہی بشریٰ بی بی کو عمران خان کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکے ہیں ۔

