یوگنڈا / مانیٹرنگ ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر اور مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے یوگنڈا کے دورے کے دوران ایک منفرد سرگرمی میں حصہ لیا اور 'بنجی جمپنگ' کا تجربہ کیا، جس کی تصاویر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیں۔
ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک یوگنڈا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ معمول سے ہٹ کر مختلف مہماتی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان تجربات میں دریائے نیل میں بنجی جمپنگ اور رافٹنگ جیسی سرگرمیاں شامل ہیں، جن سے وہ خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے 165 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر بنجی جمپنگ کی، جس کی تصاویر انہوں نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے لکھا، "یوگنڈا کے علاقے جنجا میں 165 فٹ کی بلندی سے بنجی جمپنگ کا دلچسپ تجربہ کیا۔"
اس کے علاوہ، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ دریائے نیل میں رافٹنگ کی اور اس مہماتی سرگرمی کو بھی بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔
بنجی جمپنگ کیا ہے؟
یہ ایک ایڈونچر اسپورٹ ہے جس میں ایک شخص لچکدار اور مضبوط رسی کے ذریعے کسی بلند مقام سے چھلانگ لگاتا ہے۔ یہ مقام عام طور پر کسی پل، عمارت، یا پہاڑ کی چوٹی پر ہوتا ہے۔ چھلانگ کے دوران، رسی گرتے ہوئے شخص کی رفتار کم کرتی ہے اور اسے واپس اوپر کی طرف اچھال دیتی ہے، جس سے ایک جھولے جیسا اثر پیدا ہوتا ہے۔

