پاکستان دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے جنوبی افریقا کو ون ڈے سیریز میں تین صفر سے شکست دی ہے۔جنوبی افریقا، جو 1991 میں پہلی بار ون ڈے سیریز کا حصہ بنا، کو اپنی ہوم گراؤنڈ پر اس نوعیت کی شکست کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ ان کی پہلی ہوم سیریز 1992 میں بھارت کے خلاف ہوئی تھی۔
اب پاکستان نے افریقی سرزمین پر یہ منفرد کارنامہ انجام دیا، جہاں کسی اور ٹیم نے جنوبی افریقا کو تین صفر سے سیریز ہرانے میں کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بارش کے باعث 47 اوورز فی اننگز تک محدود ہونے والے میچ میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سیریز میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی اور 101 رنز اسکور کیے۔جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 271 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ہینرک کلاسن نے 81 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

