ادیس ابابا: ایتھوپیا میں ایک المناک حادثے میں ایک ٹرک دریا میں گرنے سے 71 افراد جاں بحق ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، واقعہ ضلع بونا میں پیش آیا جہاں ایک ٹرک، جو مسافروں سے بھرا ہوا تھا، بے قابو ہوکر دریا میں جا گرا۔ اس حادثے میں 71 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر بونا جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق، یہ افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 68 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔
ایتھوپیا میں ٹریفک حادثات عام ہیں، جن کی بڑی وجہ ڈرائیوروں کی نااہلی اور گاڑیوں کی ناقص حالت ہے۔ یاد رہے، 2018 میں بھی ایتھوپیا میں ایک بس حادثے کا شکار ہوکر کھائی میں جا گری تھی، جس کے نتیجے میں 38 افراد، جن میں زیادہ تر طلبہ شامل تھے، ہلاک ہوگئے تھے۔

