راولپنڈی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ یا کسی غیر ملکی دباؤ پر کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔سابق وزیراعظم کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ عدلیہ کا مذاق بنایا جا رہا ہے، اور وہ ہر مقدمہ خود لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ قانونی جنگ لڑ رہے ہیں تو انہیں کسی قسم کی ڈیل کی ضرورت نہیں ہے۔
علیمہ خان کے مطابق، عمران خان نے 9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب ان لوگوں نے کیا جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز غائب کیں۔ ان کے مطابق، یہ سازش پہلے سے تیار کی گئی تھی، اور 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑنے والوں کے مقدمات ختم کر دیے گئے۔ انہوں نے 26 نومبر کے غائب ہونے والے افراد اور لال مسجد جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر توجہ دی جائے۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان بنی گالہ میں ہاؤس اریسٹ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے توشہ خانہ 2 کیس کو پہلے کیس جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اور القادر یونیورسٹی کیس اعلیٰ عدالتوں میں ختم ہو جائیں گے، تاہم القادر کیس میں 6 تاریخ کو سزا سنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

