معزول صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کے بعد شام شدید عدم استحکام کا شکار ہوگیا ہے، اور اسرائیل نے اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دمشق کے قریب اہم دفاعی مقامات پر بڑے حملے کیے ہیں۔
لبنانی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی فوجی ٹینک دمشق کے نواح میں پہنچ چکے ہیں۔ شامی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر اور متعدد ایئر بیسز پر بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں درجنوں جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ ہو گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، اسرائیل نے دمشق میں میزائل دفاعی نظام، زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں اور میزائل بنانے کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے مقبوضہ گولان کی بفر زون میں مزید علاقے پر قبضہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب، سعودی عرب، ایران اور قطر نے اسرائیلی حملوں اور قبضے میں توسیع کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے بیان دیا ہے کہ اسرائیل شام کی خودمختاری کو نقصان پہنچا رہا ہے، اور یہ اقدام وہاں سکیورٹی کی بحالی کے امکانات کو سبوتاژ کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
مصر نے بھی گولان میں اسرائیلی قبضے کو صریح لوٹ مار قرار دیا ہے۔

