ایڈیلیڈ (پاکستان لائیو نیوز) آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ اور بھارتی بولر محمد سراج کو ممکنہ طور پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز، اتوار کو آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف مطلوبہ 19 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کر لیے۔
بارڈر-گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم 180 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس دوران، آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو 140 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد محمد سراج نے جوشیلے انداز میں جشن منایا، جس پر ٹریوس ہیڈ نے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔
اس ناخوشگوار واقعے کے بعد محمد سراج کو سابق آسٹریلوی کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، ٹریوس ہیڈ اور محمد سراج ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیے گئے ہیں، اور دونوں کھلاڑیوں کو سزا دینے کا اعلان جلد متوقع ہے۔
مزید یہ کہ آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں پر جرمانہ یا سخت وارننگ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ماضی کے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی معطلی پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ پانچ میچوں کی اس سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز برابر کر دی۔

