میلبورن/ مانیٹرنگ ڈیسک: آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر چھ وکٹوں پر 311 رنز بنا لیے ۔پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں نے میچ کی جارحانہ شروعات کیں۔ اوپنر عثمان خواجہ ، کونسٹاس، لیبوشین اور سٹیو سمتھ (ناٹ آؤٹ)نے نصف سنچریاں سکور کیں ۔ تاہم ان فارم ٹراوس ہیڈ آج کوئی بھی رنز نہ بنا سکے ۔ اس وقت سٹیو سمتھ اور کپتان پیٹ کمنز کریز پر موجود ہیں ۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے دوران اس وقت حیران کن صورتحال دیکھنے میں آئی جب ویرات کوہلی آؤٹ ہو کر جانے والے کونسٹاس کی طرف بڑھے اور بڑے ہی عجیب و غریب انداز میں اپنا کندھا جان بوجھ کر ان سے ٹکرایا۔ جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں میں توتکرار ہوئی۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واقعے کے بعد ویرات کوہلی یا پھر دونوں کے خلاف آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

