ایڈیلیڈ/ دوبئی/ نئی دہلی: مانیٹرنگ ڈیسک بھارتی کرکٹ کےلئے اتوار 8 دسمبر کی تاریخ ایک بد نما یاد بن گئی۔ جب تین الگ الگ میدانوں میں سے کہیں سے بھی خیر کی خبر نہیں آئی۔ بھارت کی مینز ٹیم بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا سے نبرد تھی۔ جہاں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ناکامی کی بدولت بھارت کو دس وکٹوں کی شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔
اسی وقت بھارتی ویمن ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ کھیل رہی تھی۔ جہاں آسٹریلیا کے 372 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے جواب میں بلیو شرٹس 248 پر ڈھیر ہو گئیں۔ تیسرا میدان دوبئی میں سجا جہاں بھارت اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے مابین ایشیا کپ کا فائنل ہوا۔ اگرچہ بنگلہ دیشی ٹیم 198 رنز کے معمولی سکور پر آؤٹ ہو گئی تاہم بھارت اس ہدف کو حاصل کرنے میں بھی ناکام رہا اور بھارتی بلے باز 139 کے ٹوٹل پر چلتے بنے ۔۔اور بنگلہ دیش ایشیا کپ فائنل 59 رنز سے جیت گیا۔ یوں آج کا سورج بھارتی کرکٹ فینز کےلئے تلخ یادوں کے ساتھ غروب ہو گیا۔

