کراچی/مانیٹرنگ ڈیسک: سندھ حکومت نے بدھ اور جمعرات کو عوامی تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 25 دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں تعطیل ہوگی، جبکہ مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے موقع پر 26 دسمبر کو چھٹی دی جائے گی۔
بانی پاکستان کا یوم پیدائش ہر سال پورے ملک میں جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوگا، اس کے بعد کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی اہم تقریب ہوگی۔ اس دن قائد کی زندگی، سیاسی جدوجہد اور قیام پاکستان میں ان کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں مختلف سرکاری تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

