دوبئی (پاکستان لائیو نیوز) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر پاکستان، آئی سی سی، اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان ڈیڈ لاک بدستور برقرار ہے، جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز نے بھی اس معاملے میں مداخلت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تینوں کرکٹ بورڈز نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پر وضاحت کی جائے اور معاملے کو جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ ابھی تک ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا اور آئی سی سی کو آئندہ ایونٹس کے لیے واضح حکمت عملی اپنانی چاہیے۔
تینوں بورڈز نے پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت اس بار پاکستان جانے سے انکار کر رہا ہے تو یہ مسئلہ مستقبل میں مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے، لہٰذا اس کا مستقل حل نکالنا ضروری ہے۔
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ جب تک بھارتی کرکٹ بورڈ تحریری طور پر گارنٹی نہیں دیتا، پاکستان اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ وفاقی حکومت بھی اس مرتبہ کسی قسم کے خطرے کی گنجائش نہیں دیکھ رہی اور تحریری ضمانت کے بغیر معاملات آگے بڑھانا ممکن نہیں۔

