راجستھان (پاکستان لائیو نیوز) پاکستان اور بھارت، جو ہمیشہ ایک دوسرے کو مشکوک نگاہوں سے دیکھتے ہیں، اپنی سرحدوں کی حفاظت انتہائی سختی سے کرتے ہیں تاکہ کوئی بھی چیز، چاہے پرندہ ہی کیوں نہ ہو، دونوں ممالک کے درمیان حد بندی عبور نہ کر سکے۔ تاہم، اس بار سرحد پار کرنے والی چیز کوئی پرندہ نہیں بلکہ ایک پاکستانی جہاز تھا، جس نے بھارت میں کھلبلی مچا دی۔
بھارتی ریاست راجستھان میں پاکستان سے آنے والے ایک پراسرار جہاز نے حکام کو چوکنا کر دیا۔ مقامی افراد نے جہاز کو دیکھتے ہی پولیس اور بارڈر سیکیورٹی فورس کو اطلاع دی، جس کے بعد فوری طور پر علاقے کو سیل کر کے جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی۔
حقیقت میں یہ کوئی عام جہاز نہیں تھا بلکہ ایک جہاز کی شکل کا غبارہ تھا، جس پر سبز اور سفید رنگ نمایاں تھا اور بظاہر یہ پی آئی اے کے طیارے کی نقل معلوم ہوتا تھا۔ غبارہ راجستھان کے بیکانیر علاقے میں گرنے کے بعد پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ تفتیش کے بعد حکام نے اسے بے ضرر قرار دیا اور بتایا کہ غبارے میں کسی قسم کا بارودی مواد یا ڈیوائس موجود نہیں تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پاکستان سے آنے والے غباروں کا یہ تیسرا واقعہ ہے جو گزشتہ 35 دنوں میں پیش آیا۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں ڈرونز کے ذریعے اسمگلنگ کے واقعات کا انکشاف ہوا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس قسم کا غبارہ بھارتی حدود میں داخل ہوا ہو۔ ماضی میں بھی ایسے کئی غبارے مختلف بھارتی ریاستوں میں گرنے کے بعد حکام کو حرکت میں آنے پر مجبور کر چکے ہیں۔

