برسبین/ مانیٹرنگ ڈیسک: کیا انٹرنیشنل کرکٹ میں دس گیندوں کا فرق بھی لاکھوں ڈالرز کے نقصان کی وجہ بن سکتا ہے؟آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کو بڑے مالی نقصان کا سامنا کرنے کا خدشہ ہے۔
گابا میں جاری تیسرے ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا، جس کی وجہ سے صرف 13.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ آسٹریلیا نے ابتدائی بیٹنگ میں 28 رنز بنائے، لیکن طوفانی بارش کے باعث کھیل دوبارہ شروع نہیں ہو پایا۔کرکٹ آسٹریلیا کو اندازہ ہے کہ صرف 10 گیندوں کی کمی کی وجہ سے انہیں تقریباً 10 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوسکتا ہے، کیونکہ قوانین کے تحت اگر پہلے دن 15 اوورز مکمل نہ ہوں تو تماشائیوں کو ٹکٹ کے پیسے واپس کرنا ضروری ہے۔ اگر مزید 10 گیندیں کروالی جاتیں، تو یہ نقصان بچایا جا سکتا تھا، لیکن 80 گیندوں کے بعد کھیل روک دیا گیا۔
پہلے دن کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے اور 30,145 شائقین میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔ تاہم، بارش کے باعث یہ دن کرکٹ آسٹریلیا کے لیے مایوس کن ثابت ہوا۔

